ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: قاضی منتخب ہونے کے بعد مولانا عبدالرب خطیبی ندوی کا پہلا خطاب؛ کہا؛ عملی سطح پر ملت کے لئے کام کرنا ہرایک کی ذمہ داری

بھٹکل: قاضی منتخب ہونے کے بعد مولانا عبدالرب خطیبی ندوی کا پہلا خطاب؛ کہا؛ عملی سطح پر ملت کے لئے کام کرنا ہرایک کی ذمہ داری

Tue, 06 Apr 2021 20:54:14    S.O. News Service

بھٹکل:6؍ اپریل(ایس اؤ نیوز)ایک مسلمان ہونےکی حیثیت سے ہم سب کی اہم ذمہ داری ہےکہ وہ دین کی اشاعت و تبلیغ کا کام کریں ۔ متحدو متفق رہیں ، ایک دوسرے کا تعاون ، قدر اور احترام کریں تو کام آگے بڑھتاہے اور ایک معاشرہ و ماحول تشکیل پاتاہے۔ جماعت المسلمین بھٹکل کے نومنتخب قاضی مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے ان خیالات کااظہارکیا۔

وہ یہاں جماعت اسلامی ہند بھٹکل کی دعوت پر دعوت سنٹر میں منعقدہ اجتماع میں اپنے خیالات کااظہار کررہےتھے۔  مولانا نے بڑی درد مندی کے ساتھ فرمایا کہ کوئی بھی ذمہ داری کسی تنہا شخص سے ادا نہیں ہوتی  اس کے لئے عوام کاتعاون ضروری ہوتا ہے  اور اس سلسلےمیں ایک مسلمان ہونے کےناطے ہر ایک کو  ذمہ دار بن کر کام کرنا ضروری ہے۔ جہاں ہم کواپنی اصلاح ، گھر والوں اور بچوں  کی اصلاح اور ساری انسانیت کی اصلاح کی فکر کرنا ہے  وہیں ہمیں ہمارے  معاملات کو  بھی بالکل صاف رکھنا ہے۔ ملت کے اتحاد و اتفاق پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا نےکہاکہ اختلافات کا ہونا فطری ہے، ہر گھر میں ہوتے ہیں ، نظریاتی ہوں یا کسی اور طرح کے۔ یہ عین ممکن ہے۔ صحابہ ؓکے درمیان بھی اختلافات تھے۔لیکن یاد رکھئے یہ اختلافات آپس میں مخالفت اور محاذ آرائی کا باعث نہ بنیں   بلکہ جو جس میدان میں کام کررہاہے اچھے سےاچھے انداز میں کرے ۔ دوسرے میدانوں میں جولوگ کام کررہےہیں ان سے بھی اچھے تعلقات بنائے رکھیں۔ اسی سے  ایک مثالی معاشرہ بنتاہے۔ اس وقت ساری دنیا کے جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔ ہم صرف ناظر یا  تبصرہ نگار  نہ بنیں بلکہ ان  حالات سے  سبق لیں اور   ہماری توجہ  اس طرف  مبذول کرے۔

وہ منظر بھی قابل دید تھا جب قاضی محترم کے شاگرد رشیدبچوں کے ماہنامہ پھول کے مدیر مولانا عبداللہ دامدا ابو ندوی حضرت یعقوب علیہ السلام کی اپنی اولاد کو کی جانے والی وصیت پر مشتمل آیات کا پُر اثر درس قرآن دے رہے تھے۔ عین اسی وقت قاضی صاحب دعوت سینٹر پہنچے  اور سادگی کے ساتھ سامنے بیٹھ کر  درس کو سماعت کیا۔ اجتماع میں جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے بزرگ رکن  قادر میراں پٹیل نے نومنتخب قاضی مولانا عبدالرب خطیبی ندوی کا تعارف پیش کیا ۔ ڈائس پر جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے معاون امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ موجود تھے۔

اجتماع کے بعد ہرایک کو مولانا سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا ۔ اس کے بعد ذمہ داران جماعت کے ساتھ دعوت سنٹر کا دورہ کیا اس دوران انہیں جماعت کی طرف سے مقامی سطح پر انجام دی جانے والی مختلف سرگرمیوں سے واقف کرایا گیا۔

WhatsApp_Image_2021-04-06_at_4_47_06_PM.jpeg


Share: